Sunday, May 5, 2024

سپریم کورٹ نے پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا

سپریم کورٹ نے پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا
May 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ حکومت نے پی آئی اے کو 20 ارب کا بل آوٹ پیکج بہتری کے لئے دیا ہے نہ کہ جہازوں کو پینٹ کرنے کےلئے۔ چیف جسٹس نے قومی ایئر لائن کیلئے سٹیکر تبدیل کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس میاں محمد ثاقب نثار نے ریماکس دیئے کہ جھنڈے کی جگہ ایک جانور کی تصویر لگائی جا رہی ہے، ایم ڈی پی آئی نے عدالت کو بتایا کہ مارخور قومی جانور ہے اس کی تصویر پینٹ کی جارہی ہے۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی بہتری کے لئے 20 ارب کا بل آوٹ پیکج دیا گیا تھا نہ کہ جہازوں کو پینٹ کرنے کے لئے۔ کیا پی آئی اے منافع میں ہے جو ایسے کام کر رہی ہے۔ چیف جسٹس نے ایم ڈی پی آئی اے  سے استفسار کرتے ہوئے کہا کیا ایک جانورجھنڈے کی جگہ لے گا ، اس کے پینٹ ہونے پر کتنی لاگت آئے گی،انکا جواب تھا کہ ایک جہاز پر لاگت 27 لاکھ آئے گی، اور ہر جہاز کو 4 سال بعد دوباہ پینٹ کرنا ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ لاگت 27 لاکھ نہیں 34 لاکھ ہے۔ سپریم کورٹ نے پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔