Sunday, September 8, 2024

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی
March 16, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کانام ای سی ایل سے نکالے جانے کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق کی اپیل خارج کردی۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگر حکومت اور خصوصی عدالت چاہے تو پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے سے روکنے کے حوالے سے اقدامات کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ سنایا۔ اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے کہا کہ عدالتی حکم پر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق کی اپیل خارج کر دی۔ فروغ نسیم نے یقین دہانی کرائی کہ اگر پرویز مشرف ملک سے باہر گئے تو عدالت کے طلب کرنے پر واپس آ جائیں گے۔ اٹارنی جنرل نے مو¿قف اختیار کیا کہ وہ مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کا معاملہ عدالت پر چھوڑتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم آپ کوکریڈٹ دینا چاہ رہے ہیں مگرآپ یہ کریڈٹ عدالت کو دے رہے ہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر حکومت یا خصوصی عدالت چاہے تو پرویز مشرف کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر سکتی ہیں۔