Tuesday, April 30, 2024

سپریم کورٹ نے پاناما لیکس درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیدیا

سپریم کورٹ نے پاناما لیکس درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیدیا
November 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس پر درخواستیں قابل سماعت قرار دے دی گئیں۔ کمیشن یک رکنی ہو گا۔ سپریم کورٹ کے اختیارات حاصل ہونگے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت فریقین کے ٹی او آرزکی پابند نہیں۔ خود بھی فیصلہ کر سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کیس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کی۔ عدالت نے پاناما لیکس کی درخواستوں پر اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انھیں قابل سماعت قرار دیدیا۔ عدالت کاکہنا تھا کہ یہ معاملہ انسانی حقوق کاہے۔ جسٹس امیرمسلم ہانی نے کہا کہ فریقین نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ کوشش ہے اس معاملے کو جلدازجلد نمٹایا جائے۔ میڈیا پر پاناما لیکس سے متعلق معاملے کو اچھالا جا رہا ہے۔ اگر کوئی عدالت کے احترام میں مثبت فیصلہ کرے تو نئی بحث چھڑ جاتی ہے۔ پاناما لیکس سے متعلق کمیشن سپریم کورٹ کے ایک جج پر مشتمل ہو گا۔ کمیشن کو سپریم کورٹ کے اختیار ات حاصل ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو ٹی او آرز آج جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ٹی او آرز جمع کرا دیے۔ کیس کی سماعت پیر ساڑھے نو بجے تک ملتوی کردی گئی۔