Saturday, May 4, 2024

سپریم کورٹ نے نیب میں خالی آسامیاں پُر کرنے کے لئے ایک ہفتے کا وقت دے دیا

سپریم کورٹ نے نیب میں خالی آسامیاں پُر کرنے کے لئے ایک ہفتے کا وقت دے دیا
January 8, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے نیب میں خالی آسامیاں پُر کرنے کے لئے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔
پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری کے معاملے پر جسٹس گلزار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت میں اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ احتساب عدالتوں میں ججز کی تقرری سے متعلق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے رائے لیں گے۔
اس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ جج کی ریٹائرمنٹ سے 2 ماہ قبل وزارت قانون کو خالی آسامی پر کرنے کا عمل شروع کر دینا چاہئے۔ ایک جج کے ریٹائر ہونے کے اگلے دن نئے جج کو ذمہ داری سنبھال لینی چاہئے۔
جسٹس گلزار نے کہا کہ کسی کو نوازنے کے لئے جان بوجھ کر تاخیر نہ کی جائے۔ عدالت نے بھی اپنا حساب کتاب کر رکھا ہے۔
ادھر عدالت نے نیب میں خالی آسامیاں پر کرنے کے لئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے وزارت قانون سے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری سے متعلق 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی۔