Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ نے نیب ملزمان کی طویل حراست کا نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ نے نیب ملزمان کی طویل حراست کا نوٹس لے لیا
October 23, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے نیب مقدمات میں ملزمان کی طویل حراست کا نوٹس لے لیا ۔ عدالت نے واضح کر دیا کہ طویل حراست میں صرف اسی صورت میں ہو گی جب ملزمان کے معاشرے یا ٹرائل پر اثر انداز ہونے کا خطرہ ہو۔ عدالت عظمیٰ نے نیب ملزمان کی طویل حراست کا نوٹس ڈائریکٹر فوڈ پنجاب محمد اجمل کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران لیا۔ قرار دیا کہ پرتشدد فوجداری مقدمات اور وائٹ کالر کرائم کے ملزمان میں فرق کرنا ہو گا۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے نیب ملزمان کو گرفتار کرنے کے علاوہ اور طریقے بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔ ان کے پاسپورٹ، بینک اکاؤنٹس اور جائیداد کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل عابد ساقی نے بتایا کہ احتساب عدالت لاہور کے پاس 80 ریفرنس زیر التوا ہیں جس پر جسٹس یحیٰی آفریدی نے استفسار کیا کہ پھر اس کیس کی باری کب آئے گی۔ آگاہ کیا جائے استغاثہ کے تمام 38 گواہوں کے بیان کب ریکارڈ ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت نومبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔