Friday, May 17, 2024

سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ کالعدم قرار دیدیا

سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ کالعدم قرار دیدیا
September 13, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے اسکول فیسوں سے متعلق درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ 2017 کے بعد سے نجی اسکولوں کی فیسوں میں کیا گیا اضافہ کالعدم قرار دیدیا گیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کی جانب سے 69 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا گیا۔ جسٹس اعجازالحسن نے تحریر کیا کہ نجی اسکولوں نے 2017 سے خلاف قانون فیس میں بہت زیادہ اضافہ کیا، نجی اسکولوں کی فیس وہی ہوگی جو جنوری 2017 میں تھی۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ اسکولوں کی فیس کی ری کیلکولیشن کی نگرانی متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کرے گی۔ متعلقہ اتھارٹی کی منظور شدہ فیس ہی والدین سے لی جا سکے گی۔ والدین سے لی گئی اضافی فیس آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کرنے اور اسکول فیس سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے کمپلینٹ سیل بنانے کا بھی حکم دے دیا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ فیسوں میں کمی کا حکم پورے ملک کے اسکولوں کیلئے ہے۔ وفاقی حکومت نے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی پر کارروائی کا حکم دے دیا۔