Monday, September 16, 2024

سپریم کورٹ نے نئے حج آپریٹرز کو حج کوٹہ دینے کا حکم دیدیا

سپریم کورٹ نے نئے حج آپریٹرز کو حج کوٹہ دینے کا حکم دیدیا
April 21, 2017
اسلام آباد(92نیوز)سپریم کورٹ نے نئے حج ٹور آپریٹرز کو قانونی تقاضوں اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حج کوٹہ دینے کا حکم دیتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستیں نمٹا دیں ہیں۔ تفصیلات کےمطابق جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ نئے حج ٹور آپریٹرز نے حج کوٹہ نہ ملنے پر وزارت مذہبی امور کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ حج ٹور آپریٹرز کے وکلا نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ مسابقتی کمیشن نے نجی آپریٹرز کا کوٹہ پچاس فیصد کرنے کی سفارش کی تھی،لیکن ٹور آپریٹرز کے لئے چالیس فیصد کوٹہ مختص کیا گیا جبکہ کوٹہ الاٹ منٹ کمیٹی کا فیصلہ متفقہ ہونا ضروری تھا،جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق کمیٹی کا متفقہ فیصلہ ضروری نہیں، نئے ٹور آپریٹرز کی دوبارہ سکروٹنی ہوگی۔ جس پر جسٹس اعجازافضل  کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے وقت سکرونٹی کیوں نہیں کی گئی۔ عدالت نے اپنے حکم میں نئے حج ٹور آپریٹرز کو قانونی تقاضوں اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حج کوٹہ دینے کا حکم دیتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستیں نمٹا دیں ہیں جبکہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔