Wednesday, May 8, 2024

سپریم کورٹ نے میمو گیٹ اسکینڈل کیس نمٹا دیا

سپریم کورٹ نے میمو گیٹ اسکینڈل کیس نمٹا دیا
February 14, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے میمو گیٹ کیس نمٹا دیا ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس سے فی الحال کوئی تعلق نہیں رہا ۔ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کی سربراہی  میں تین رکنی خصوصی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، بینچ میں  جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل تھے ۔ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے  ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا ،  کیس پڑھ کر بہت حیرت ہوئی ۔ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ   افواج پاکستان ، جمہوریت اور آئین پاکستان  بہت مضبوط ہیں ، گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ عدالت نے کیس نمٹا دیا۔ نو فروری 2019 کو میمو گیٹ کیس کی سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل دیا گی تھا ۔ گزشتہ برس 26 جون کو عدالت نے دو ہفتوں میں قوانین کے مسودے کا ڈرافٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی ۔ سماعت کے دوران  اس وقت کے چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ حسین حقانی نے سپریم کورٹ کو وطن واپس آنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب وہ واپس نہیں آ رہے۔ عدالتی معاون احمر بلال صوفی نے عدالت کو بتایا کہ قانون نہ ہونے کی وجہ سے اس معاملے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عدالتی معاون کے مطابق قوانین میں ترمیم کے بغیر حسین حقانی کو وطن واپس نہیں لایا جاسکتا۔ عدالتی معاون کے مطابق بیرون ملک سے افراد کی وطن واپسی کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے، عدالت نے احمر بلال صوفی کو دو ہفتوں میں قوانین کے مسودے کا ڈرافٹ تیار کر نے کی ہدایت دی تھی ۔