Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ نے مندر حملے کے ملزمان فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا

سپریم کورٹ نے مندر حملے کے ملزمان فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا
August 6, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے رحیم یار خان میں مندر حملے کے ملزمان فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

رحیم یار خان مندر حملہ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے پولیس اور انتظامیہ کی ناقص کارگردگی پر آئی جی پنجاب انعام غنی اور چیف سیکرٹری  کی سخت سرزنش کر ڈالی۔ آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ کی ترجیح مندر کے آس پاس 70 ہندو گھروں کا تحفظ تھا۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کام نہیں کر سکتے تو ہٹا دیں۔ 8 سالہ بچہ کیوجہ سے یہ سارا واقعہ ہوا۔ واقعہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ پولیس نے ماسوائے تماشا دیکھنے کے کچھ نہیں کیا۔ واقعہ کو تین دن ہو گئے ایک بندہ نہیں پکڑا گیا۔ واقعہ پر پولیس کی ندامت دیکھ کر لگتا ہے پولیس میں جوش ولولہ نہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہندوو کا مندر گرا دیا، سوچیں ان کے دل پر کیا گزری ہو گی۔ مسجد گرا دی جاتی تو مسلمانوں کا کیا ردعمل ہو تا؟ پولیس نے آٹھ سالہ بچے کو گرفتار کیوں کیا؟ کمسن بچے کو مذہب کا کیا پتہ؟ بچے کو گرفتار کرنے والے ایس ایچ او کو برطرف کریں۔ آئی جی پنجاب نے عدالت کو متعلقہ ایس ایچ او کو برطرف کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے 13 اگست تک سماعت ملتوی کر دی ۔

سربراہ ہندو کمیونٹی ڈاکٹر رمیش کمار  نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ معاملہ بگڑا، فسادات ہوئے اور معاملہ مندر میں حملے اور آتشزدگی تک جا پہنچا ۔ رمیش کمار نے کہا کہ امید ہے وزیر اعظم، آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری پنجاب اور سپریم کورٹ کی ہدایات پر جلد کارروائی ہو گی۔