Sunday, September 8, 2024

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں کام کرنیوالی غیررجسٹرڈ این جی اوز کی فہرستیں طلب لیں

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں کام کرنیوالی غیررجسٹرڈ این جی اوز کی فہرستیں طلب لیں
August 26, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے وفاق اور چاروں صوبوں سے غیر رجسٹرڈ این جی اوز کی فہرستیں طلب کرلیں۔ عدالت نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد سے کوسوں دور ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نیشنل ایکشن پلان اور این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ کون سی غیر رجسٹرڈ تنظیمیں چندہ اکٹھا کررہی ہیں۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے تین کروڑ کا فنڈ ایک غیر معروف این جی او کو فاٹا میں لگانے کےلئے دیدیا۔ ڈبلیو ایچ او میں کام کرنے والے سالے نے بہنوئی کی باران نامی تنظیم کو اتنی بڑی رقم کیسے دلوا دی۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جو انکم ٹیکس دے رہے ہیں وہ حکومت کی گرفت میں ہیں، کالے دھن والے آزاد ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ ان کے پاس مذہبی جماعتوں کی جانب سے چندہ اکٹھا کرنے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ عدالت نے سماعت ایک ہفتے کےلئے ملتوی کردی۔