Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ نے فیڈرل سروس ٹربیونل کے سیٹ اپ کو غیرقانونی قرار دیدیا

سپریم کورٹ نے فیڈرل سروس ٹربیونل کے سیٹ اپ کو غیرقانونی قرار دیدیا
October 17, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے فیڈرل سروس ٹربیونل کے سیٹ اپ کو غیر قانونی قرار دیدیا ہے۔ سپریم کورٹ نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ فیڈرل سروس ٹربیونل کے چیئرمین شیخ احمد فاروق اور گیارہ ممبران کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق دوہزار تیرہ کے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق فیڈرل سروس ٹربیونل کے چیئرمین کی تقرری چیف جسٹس آف پاکستان کی مشاورت سے کی جاتی ہے تاہم شیخ احمد فاروق کی تقرری میں سپریم کورٹ کے حکم کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے سامنے حکومت فیڈرل سروس ٹربیونل کے ممبران کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی یقین دہانی کراچکی ہے۔ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ بیس اکتوبر تک فیڈرل سروس ٹربیونل کے ممبران کو ڈی نوٹیفائی کردیں گے۔ شیخ احمد فاروق کو حکومت نے دوہزار چودہ میں فیڈرل سروس ٹربیونل کا چیئرمین لگایا تھا۔ واضح رہے کہ فیڈرل سروس ٹربیونل سرکاری ملازمین کی درخواستوں کی شنوائی کرتا ہے۔