Thursday, March 28, 2024

سپریم کورٹ نے عمران خان کو اہل، جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے دیا

سپریم کورٹ نے عمران خان کو اہل، جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے دیا
December 15, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے نااہلی کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف حنیف عباسی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں اہل قرار دے دیا جبکہ جہانگیر ترین کو تا حیات نااہل قرار دے دیا۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار، جسٹس عمر عطا بندیا ل اور جسٹس فیصل عرب کے ہمراہ کورٹ روم میں پہنچے اور تاریخی فیصلہ سنایا ۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے فیصلہ پڑھ کر سنایا اور فیصلے میں تاخیر کی وجہ بھی بتائی ۔سپریم کورٹ نے عمران خان کے خلاف ن لیگ کی درخواست  نہ صرف مسترد کی بلکہ اسے بدنیتی پر  بھی مبنی قرار دیا۔

عدالت عظمی نے اپنے تاریخی فیصلے میں کہا کہ عمران خان پر نیازی سروسز ظاہر کرنا لازمی نہیں تھا ۔کپتان نے بنی گالہ اراضی خاندان کے لئے خریدی لہٰذا درخواست خارج کی جاتی ہے ۔

جہانگیر ترین کے مقدمے پرعدالت نے کہا کہ جہانگیر ترین نے اعتراف جرم کیا اور جرمانہ بھی ادا کیا۔ جہانگیر ترین کو ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ لہٰذا انہیں 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جاتا ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ تحریک انصاف پر غیرملکی فنڈنگ کا الزام لگایا گیا تاہم درخواست گزار غیر ملکی فنڈنگ پر متاثرہ فریق نہیں۔

فیصلے کے وقت عدالت کا کورٹ نمبر ایک کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، پی ٹی آئی رہنما چوہدی سرور، فردوس عاشق اعوان، فواد چوہدری، مسلم لیگی رہنما حنیف عباسی، طلال چوہدری، دانیال عزیز بھی عدالت میں موجود تھے۔