Tuesday, April 16, 2024

سپریم کورٹ نے حاضرسروس اور ریٹائرڈ ججز کی مراعات سے متعلق اہم فیصلے کرلئے

سپریم کورٹ نے حاضرسروس اور ریٹائرڈ ججز کی مراعات سے متعلق اہم فیصلے کرلئے
May 28, 2016
اسلام آباد(92نیوز)سپریم کورٹ نے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججز کی مراعات سے متعلق اہم فیصلے کرلیے،ججز کو ذاتی ملازم اپنے مرضی سے رکھنے کے حوالے سے معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا جائے گا ۔ تفصیلات کےمطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں ہونے والے فل کورٹ اجلاس میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججز کی مراعات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ججز کو ذاتی ملازم اپنے مرضی سے رکھنے کے حوالے سے معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ ججز ریٹائرمنٹ کے بعد زیر استعمال آئی ٹی کی اشیاء رعایتی نرخوں پر ساتھ لے جا سکیں گے، اعلیٰ ترین عدالت کے ججز میڈیکل الاونس کے علاوہ بھی شدید علالت کی صورت میں میڈیکل کلیم حاصل کرسکیں گے، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ججز گیسٹ ہاوس میں ججز وی آئی پی سوئیٹ میں 7 یوم تک قیام کرسکیں گے، تاہم اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ ریٹائرڈ ججز اور ان کی بیوگان کو تاحیات پولیس گارڈ کی فراہمی کا معاملہ التواء کا شکار ہے اس حوالے سے وفاقی حکومت کو خط لکھا جائے گا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کے  مقدمہ دائر کرنے کی فیس 15 سے بڑھا کر 25 ہزار وصول کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔