Thursday, April 25, 2024

سپریم کورٹ نے جی آئی ڈی سی کیخلاف کمپنیوں کی تمام اپیلیں خارج کر دیں

سپریم کورٹ نے جی آئی ڈی سی کیخلاف کمپنیوں کی تمام اپیلیں خارج کر دیں
August 13, 2020
 اسلام اباد (92 نیوز) حکومت کو قانونی محاذ پر بڑی کامیابی مل گئی۔ سپریم کورٹ نے جی آئی ڈی سی کیخلاف کمپنیوں کی تمام اپیلیں خارج کر دیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے جی آئی ڈی سی سیس کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے کمپنیوں کی اپیلیں مسترد کر دیں۔ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 2 ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔ فیصلہ جسٹس مشیر عالم نے پڑھ کر سنایا، قرار دیا کہ کمپنیز کو جی آئی ڈی سی ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ عدالتِ عظمیٰ نے فیصلہ 20 فروری کو محفوظ کیا تھا۔ دورانِ سماعت پنجاب، سندھ اور بلوچستان نے وفاق کی سیس کی حمایت کی تھی جبکہ خیبر پختون خوا نے جی آئی ڈی سی سیس کی مخالفت کی تھی۔ گزشتہ حکومت نے گیس پائپ لائن منصوبوں کیلئے سیس کے نام پر ٹیکس لاگو کیا تھا۔ حکومت نے 290 ارب سے زائد رقم اکٹھی کی تھی لیکن یہ رقم منصوبوں پر خرچ نہ ہو سکی۔ سیس کے خلاف مختلف نجی کمپنیوں نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ پشاور ہائی کورٹ نے فیصلہ درخواست گزاروں کے حق میں سنایا تھا جس کے خلاف وفاق نے سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی تھی۔ کمپنیوں کو گیس انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کی مد میں 417 ارب روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اس طرح اس فیصلے سے وفاق کو 417 ارب روپے کی رقم حاصل ہو گئی۔ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے جی آئی ڈی سی کے 220 ارب روپے معاف کر دیے تھے۔ 92 نیوز نے معاملہ اٹھایا تو اپوزیشن نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر حکومت کو آرڈیننس واپس لینا پڑا۔