Monday, May 13, 2024

سپریم کورٹ نے جعلی بنک اکاؤنٹس کے ملزم انور مجید کی ضمانت منظور کرلی

سپریم کورٹ نے جعلی بنک اکاؤنٹس کے ملزم انور مجید کی ضمانت منظور کرلی
September 2, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی بنک اکاؤنٹس کے ملزم انور مجید کی ضمانت منظور کرلی ، عدالت نے ملزم کو 10 کروڑ روپے کی بینک گارنٹی اور پاسپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا، بنچ نے ریمارکس دئیے کہ باہر جانے کی بات بھول جائیں ، اب کوئی  باہر نہیں جائے گا ، نیب کا سیاسی ملزمان سے رویہ دوسرے ملزمان سے الگ ہے۔

جعلی بنک اکاؤنٹس اسکینڈل  میں   ملزم انور مجید سپریم کورٹ سے ریلیف مل گیا  ، انور مجید کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور  کر لی گئی ، مگر نام ای سی ایل میں برقرار رہے گا۔دوران سماعت جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دئیے کہ باہر جانے کو بھول جائیں ، اب کوئی بیرون ملک نہیں جائے گا ۔

ملزم کے وکیل منیر اے ملک نے بتایا انور مجید کی سرجری امریکا یا برطانیہ میں کرنے کی تجویز ہے۔ شریک ملزم آصف علی زرداری بھی ضمانت پر ہیں۔

اس پر جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ انور مجید کو شدید نوعیت کا عارضہ قلب ہے ،علاج کرانا ان کا بنیادی حق ہے،لیکن بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ انور مجید آج تک نیب میں پیش نہیں ہوئے ، پہلے دن سے ہی اسپتال میں ہیں۔انورمجید کے عدم تعاون کی وجہ سے 15 تحقیقات اور 4 ریفرنسز التواء کا شکار ہیں۔

عدالت نے ملزم کو تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ عدم تعاون پر ضمانت خارج کر دی جائےگی۔عدالت نے انور مجید کی ضمانت منظور کرتے ہوئے  10 کروڑ روپے کی بنک گارنٹی جمع کرانے کا حکم دیدیا۔