Sunday, September 8, 2024

سپریم کورٹ نے بیگم کلثوم نواز کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں

سپریم کورٹ نے بیگم کلثوم نواز کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں
September 18, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سیاسی فتح کے بعد قانونی جیت بھی ہو گئی۔ بیگم کلثوم نواز کو بڑا ریلیف مل گیا۔ سپر یم کورٹ نے این اے 120 میں مسلم لیگ ن کی امیدوار کےخلاف دونوں درخواستیں خارج کردیں۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کہتے ہیں عوامی رائے کا احترام کریں۔عدالت کو گمراہ نہ کیا جائے۔

بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف پیپلزپارٹی اور عوامی تحریک کی درخواستیں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر کے وکیل سے استفسار کیا کہ جو اعتراضات اٹھائے ان کی دستاویزات کہاں ہیں؟؟وکیل نے دستاویزات جمع کرانے کے لئے مہلت مانگتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز نے کا غذات نا مزدگی میں اثا ثے ظا ہر نہیں کئے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ جو دستاویزات ہیں نہیں آپ ان کی بات کر رہے ہیں۔ آپ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ کا حوالہ دینا چاہتے ہیں۔وہ کیس تنخواہ سے متعلق تھا۔اس کیس میں ایسا کوئی معاملہ زیر بحث نہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے یہ بھی استفسار کیا کہ آپ کے موکل نے ووٹ کتنے لئے۔ اس پر وکیل کا کہنا تھا 1200۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ یہاں تقریر کر کے عدالت کو گمراہ نہ کریں۔ سپریم کورٹ اعلیٰ فورم ہے۔اس کی اہم ذمہ داریاں ہیں۔جمہوری نظام میں ووٹ کا اہم کردار ہوتا ہے۔یہ کیس عوامی ووٹوں اور جمہوری نظام سے متعلق ہے۔عوا می را ئے کا احترا م کیا جائے۔

جسٹس گلزار نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن ہوچکا یہ درخواستیں غیر موثر ہو گئیں ہیں۔اس پر درخواست گزاروں کے وکلاءکی جانب سے درخواستیں واپس لینے پر عدالت نے دونوں درخواستیں خارج کردیں۔