Friday, March 29, 2024

سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں 10 اپریل کو پولنگ روک دی

سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں 10 اپریل کو پولنگ روک دی
March 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں 10 اپریل کو پولنگ روک دی ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کا ری پول کا فیصلہ معطل کر دیا۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این اے 75 ڈسکہ سے متعلق سماعت کی۔ ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار کے وکیل سلمان اکرم راجا نے عدالت میں ضلع ڈسکہ کا مکمل نقشہ پیش کر دیا ۔ سلمان اکرم راجا نے دلائل میں کہا ڈسکہ شہر کے 76 میں سے 34 پولنگ اسٹیشنز سے شکایات آئیں۔ اس کے علاوہ 20 پریزائیڈنگ افسر بھی غائب ہوئے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ 10 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کافی دیر معطل رہی۔ سوال یہ ہے کہ پولنگ کے دن کون اور کیوں یہ مسائل پیدا کرتا رہا؟ کیا ایک امیدوار طاقتور تھا اس لیے دوسرے نے یہ حرکات کروائیں؟

وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ڈسکہ سے نوشین افتخار کے والد 5 بار منتخب ہو چکے ہیں۔ ڈسکہ میں نوشین افتخار کے خاندان کا اثرورسوخ زیادہ ہے۔ نوشین افتخار کے ڈسکہ شہر سے 46 ہزار جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار کے 11 ہزار ووٹ تھے۔

جسٹس منیب اختر نے سوال اٹھایا کہ کیا جب پریزائڈنگ افسر پولنگ اسٹیشنز سے نکلے تو ان کی رخصتی معمول کے مطابق تھی؟ اس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پریزائڈنگ افسران پولیس کے ساتھ معمول کے مطابق نکلے۔ پریزائیڈنگ افسران کی واپسی غیر معمولی تھی، وہ اکھٹے آئے اور ڈرے ہوئے تھے۔

وکیل سلمان اکرم راجا کے دلائل کے بعد سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 10 اپریل کو ری پول کرانے کا حکم موخر کر دیا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر بینچ کچھ روز تک دستیاب نہیں ۔ کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی۔