Monday, September 16, 2024

سپریم کورٹ نے این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا

سپریم کورٹ نے این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا
August 8, 2018
اسلام آبا د(92 نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کر دیا۔سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ  این اے 131 میں حتمی  نتیجہ آچکا ہے ، اب ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی ضرورت نہیں  ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں  سپریم  کورٹ   کے تین رکنی بنچ نے عمران خان کی جانب  سے حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی   دوبارہ گنتی  روکنے کے حوالے سے  دائردرخواست پر  سماعت کی۔ عدالت نے  عمران خان کی درخواست منظور  کرتے ہوئے ہائیکورٹ  کی  جانب  سے  این اے 131 میں دوبارہ گنتی  اور  نوٹیفکیشن روکنے کا فیصلہ معطل کردیا۔ دوران سماعت سعد رفیق کے  وکیل  نے  دلائل  دیتے ہوئے کہا کہ   عمران خان نے پہلی تقریر میں کہا تھا کوئی بھی حلقہ کھولنے کیلئے تیار ہیں ، جس  پر  چیف جسٹس  نے  ریمارکس  دیتےہوئے کہا کہ  ہو  سکتا ہے  عمران خان کا بیان سیاسی  ہو؟ ،  ہم سیاسی تقریروں کا جائزہ نہیں لے سکتے۔ حلقہ میں دوبارہ گنتی کی ضرورت نہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے  ریمارکس  دیئے کہ  کسی حلقہ کو اس کے نمائندہ سے محروم نہیں کیا جا سکتا ، این اے 131 کا حتمی نتیجہ آ چکا ہے ، جسٹس اعجازالاحسن  نے  سعد رفیق کے وکیل  سے مکالمہ  کرتے ہوئے  کہا کہ اب آپ الیکشن ٹربیونل میں جائیں  ،معاملے پر مداخلت کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے ،  ہائیکورٹ کو معاملے میں مداخلت کا اختیار نہیں تھا۔ وکیل خواجہ سعد  رفیق نے کہا کہ عمران خان نے  اگر 131کی نشست برقرار رکھی تو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کریں گے ۔ سپریم کورٹ نے  جمشید دستی کی جانب سے  حلقہ این اے 182 میں دوبارہ گنتی کی درخواست بھی  مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ سے  خواجہ آصف کو ریلیف  مل گیا ۔  این اے73 میں دوبارہ گنتی کی عثمان ڈار کی درخواست مسترد کردی  گئی ، جسٹس مامون الرشید نے تحریک انصاف کے عثمان ڈار کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست میں الیکشن کمیشن، ریٹرنگ افسر اور خواجہ آصف کو فریق بنایا گیا  تھا۔