Tuesday, April 23, 2024

سپریم کورٹ نے ایم این اے کرامت حسین کھوکھر کی معافی قبول کر لی

سپریم کورٹ نے ایم این اے کرامت حسین کھوکھر کی معافی قبول کر لی
October 1, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے ایم این اے کرامت کھوکھر اور ایم پی اے ندیم عباس کے غیر مشروط معافی مانگنے پر ان کی معافی قبول کر لی اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی واپس لے لی ۔ سپریم کورٹ میں منشا بم گرفتاری کیس میں ایم این اے کرامت حسین کھوکھر اور ایم پی اے ندیم عباس عدالت میں پیش ہوئے۔ ایم این اے کرامت نے جھوٹ بولنے پر عدالت سے معافی مانگتے ہوئے کہا منشا بم کو چھڑوا کر بہت غلطی کی۔ چیف جسٹس کے استفسار پر پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ چھاپے مارے ہیں ۔ منشا بم کو گرفتار نہیں کر سکے۔ عدالت نے پولیس کو منشاء بم کو فوری گرفتار کرکے سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا حکم سناتے ہوئے کرامت کھوکھر اور ندیم عباس کا معاملہ پی ٹی آئی کو بھجوا دیا۔ سپریم کورٹ نے بدنام زمانہ منشاء بم اور اسکے چار بیٹوں کے نام ای سی ایل میں ڈالتے ہوئے کہا قانون کی حکمرانی کی عادت ڈالنی ہو گی ۔ عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ منشاء بم اور دیگر قبضہ گروپوں سے زمین فوری واگزار کروا کر اصل مالکان کے حوالے کی جائیں ۔ جن جائیدادوں پر حکم امتناع ہیں انکی فہرست پیش کی جائے۔ عدالتی ریمارکس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی ڈسپلنری کمیٹی اختیارات کے ناجائز استعمال کا جائزہ لے۔ سپریم کورٹ نے بدنام زمانہ منشاء بم اور اسکے چار بیٹوں کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے۔ سپریم کورٹ نے کرامت حسین کی معافی قبول کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔