Saturday, May 11, 2024

سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کے 53 ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا حکم دیدیا

سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کے 53 ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا حکم دیدیا
April 27, 2021

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کے 53 ملازمین کو فوری فارغ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ جن ملازمین نے ایف پی ایس سی ٹیسٹ پاس نہیں کیا ان کو فوری طور پر نوکریوں سے فارغ کیا جائے اور ڈی جی ایف آئی اے پندرہ روزمیں عملدرآمد رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ایف آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں اور عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ایف آئی اے کی رپورٹ پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ نے 2001 میں تمام ملازمین کی بھرتی کیلئے تین ہدایات دیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا عدالتی حکم کے مطابق تعیناتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جانی تھیں لیکن ایف آئی اے نے عدالتی احکامات پر عمل ہی نہیں کیا، ایف آئی اے رپورٹ نے تو سارا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا ہے۔