Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو بی آر ٹی منصوبہ کی تحقیقات سے روک دیا

سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو بی آر ٹی منصوبہ کی تحقیقات سے روک دیا
February 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو بی آر ٹی منصوبہ کی تحقیقات سے روک دیا۔ عدالت نے بی آر ٹی منصوبے کی مجموعی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لیں۔ جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے خیبرپختونخواہ حکومت اور پشاور ڈیلوپمنٹ اتھارٹی کی اپیلوں پر سماعت کی۔ صوبائی حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بی آر ٹی منصوبے پر 2018 میں کام شروع ہوا۔ ڈیزائن بھی کئی بار تبدیل ہوا۔ پشاور ہائی کورٹ نے مقدمہ میں وہ ریلیف دیا جو مانگا ہی نہیں گیا تھا۔ درخواستگزار صرف اپنے گھر کے سامنے تعمیراتی کام رکوانا چاہتے تھے۔ دوران سماعت جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے ریمارکس دئیے کہ کیا بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہونے کی کوئی تاریخ ہے بھی یا نہیں؟ جس پر صوبائی حکومت کے وکیل نے منصوبہ 31 جولائی تک مکمل ہونے کی نئی تاریخ دے دی۔ عدالت نے بی آر ٹی منصوبے کی مجموعی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لیں اور قرار دیا کہ بتایا جائے منصوبے کی ابتدائی لاگت کتنی تھی؟ تکمیل کی ابتدائی تاریخ کیا تھی؟؟؟ اور یہ کب پایہ تکمیل تک پہنے گا؟ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔