Wednesday, April 24, 2024

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کر دی

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کر دی
March 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کر دی ،الیکشن کمیشن سے انتخابات کالعدم قرار دینے سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی کی اپیل پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ پی ٹی آئی وکیل شہزادشوکت نے کہا کل 23 پولنگ سٹیشنزپرمسئلہ ہے، جن پر ری پولنگ کا وزیراعظم کہہ چکے ہیں،الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا۔ جو اختیارات سے تجاوزہے، اپیل پرفیصلے تک دوبارہ الیکشن کاحکم معطل کیا جائے۔

جسٹس عمرعطابندیال نے کہاکہ ہو سکتاہے پولنگ ڈے سے قبل ہی سماعت مکمل ہوجائے، عدالت نے این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخاب سے متعلق الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے، پی ٹی آئی کی فوری حکم امتناعی کی درخواست مسترد کردی، سپریم کورٹ نے کہا الیکشن کمیشن کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد حکم امتناعی کی درخواست پر فیصلہ جاری کریں گے۔ سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو مریم اورنگزیب کا کہنا تھا پی ٹی آئی والے کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے، 18 مارچ کو عوامی میدان سجے گا. ن لیگ کی فتح ہوگی۔

انہوں نے کہا پی ٹی آئی والے عوامی میدان سے بھاگ چکے ہیں، اب مقدموں کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔