Tuesday, April 16, 2024

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز ،احتساب عدالت کی مدت میعاد میں 6ہفتے کی توسیع

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز ،احتساب عدالت کی مدت میعاد میں 6ہفتے کی توسیع
July 10, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے معاملے پر سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کی مدت میعاد میں 6 ہفتوں کی توسیع کر دی۔ چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں دورکنی بنچ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی درخواست پرسماعت کی۔ وکیل نیب نے شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس نمٹانے کیلئے چار ہفتوں کی مزید مہلت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ لندن فلیٹس ریفرنس مکمل ہو چکا ، فلیگ شپ ریفرنس کے 18 میں سے 14 گواہاں پر جرح مکمل ہو چکی ہے جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں 20 گواہان پرجرح مکمل ہو چکی ہے ۔ ایک ریفرنس اسحاق ڈار سے متعلق ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار کو تو سپریم کورٹ نے بھی طلب کر رکھا ہے وہ تومفرورہیں۔ خواجہ حارث نے جج محمد بشیر پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ریفرنسز میں شواہد اور گواہان سمیت بہت سی چیزیں مشترک ہیں۔ جج محمد بشیر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ دے چکے، انصاف کا تقاضا ہے یہ جج دیگرریفرنسزنہیں سن سکتے۔ چیف جسٹس نے احتساب عدالت کو دونوں ریفرنس نمٹانے کیلئے مزید چھ ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں ان تمام کیسز کا فیصلہ جلدی ہو ، عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس بھی  چھ ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔