Wednesday, April 24, 2024

سپریم کورٹ نے 196 دہشتگردوں کی رہائی کا پشاور ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا

سپریم کورٹ نے 196 دہشتگردوں کی رہائی کا پشاور ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا
July 21, 2020

پشاور ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے 196 دہشتگردوں کی رہائی کا پشاور ہائی کورٹ کا حکم معطل کردیا ،  دہشتگردوں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ فوجی عدالتوں سے ٹرائل کے بعد مجرمان کو سزا ہوئی، ہر کیس کے اپنے شواہد اور حقائق ہیں۔

پشاور ہائی کورٹ کا 196 دہشتگردوں کی رہائی کا فیصلہ معطل ، سپریم کورٹ نے  نے بڑا فیصلہ سنا دیا۔ سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاق کی اپیل پر سماعت کی ۔

جسٹس قاضی امین کے استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے آگاہ کیا کہ مجرمان تاحال جیلوں میں ہیں، عدالت ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرے۔

جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ فوجی عدالتوں سے ٹرائل کے بعد مجرمان کو سزا ہوئی ہر کیس کے اپنے شواہد اور حقائق ہیں ، عدالت نے دہشتگردوں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔

کیس کی سماعت جمعہ کو دوبارہ ہوگی۔

گزشتہ ماہ پشاور ہائی کورٹ نے فوجی عدالتوں کی طرف سے مختلف الزامات کے تحت سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 196 افراد کی سزائیں کالعدم قرار دے دی تھیں۔