Wednesday, May 1, 2024

سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج ہوگی

سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج ہوگی
November 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز)سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج ہوگی۔ فریقین کی جانب سے عدالت عظمٰی میں ٹی او آرز سے متعلق تجاویز پیش کی جائیں گی، جبکہ وزیراعظم نواز شریف کے وکیل جواب پیش کرینگے۔ تفصیلات کےمطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ آج دن ساڑھے گیارہ بجے پانامہ لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ گزشتہ تاریخ سماعت پر فریقین کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر رضامندی کے بعد عدالتی حکم پر تمام درخواست گزاروں اور فریقین کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز سے متعلق تجاویز بھی پیشں کی جائیں گئی جبکہ وزیر اعظم نواز سمیت دیگر فریقین کی جانب سے جواب بھی جمع کرایے جائیں گے۔ گزشتہ سماعت پر وزیر اعظم کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے جواب جمع کرانے کے لئے عدالت سے مہلت کی استدعا کی تھی۔ سپریم کورٹ میں اب تک ایف بی آر اور ایف آئی اے کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے کو سیاست دانوں کے خلاف کارروائی کا اختیار نہیں۔ ایف آئی اے گریڈ ایک سے گریڈ سترہ تک کے سرکاری ملازمین کےخلاف کارروائی کرسکتی ہےجبکہ ایف بی آر نے جواب میں بتایا کہ پانامہ لیکس سے تعلق رکھنے والے 336 افراد کو نوٹس جاری کئیے تھے، جن میں سے 133 کی طرف سے جواب موصول ہو چکا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے راہنما حنیف عباسی کی طرف سے بھی سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس سے متعلق عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف بھی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔