Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ میں ریلوے گالف کلب اراضی کیس کا فیصلہ محفوظ

سپریم کورٹ میں ریلوے گالف کلب اراضی کیس کا فیصلہ محفوظ
April 11, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے ریلوے گالف کلب اراضی کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا۔

 ریلوے گالف کلب اراضی کیس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور کہا معاہدہ 103 ایکڑ اراضی کا تھا، قبضہ 143 ایکڑ پر کر لیا گیا ۔ لیز کمپنی نے فی اسکوائر فٹ 52 روپے سالانہ ادا کرنے تھے لیکن ٹیمپرنگ کرکے 52 کو 4 روپے کر دیا گیا۔

 وفاقی وزیر ریلوے نے انکشاف کیا کہ قطر گالف کلب اراضی پر ملین ڈالر سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے ۔ موقع سے فائدہ اٹھا کر ریلوے کو خسارے سے نکالنا چاہتے ہیں ۔

سلمان اکرم راجا نے کیس نیب کو ارسال کرنے کی تجویز دی تو شیخ رشید بولے نیب میں جنریلوں کا ٹرائل کرنے کی ہمت نہیں ۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ آپ ابھی تک پاناما کو بھولے نہیں ۔  

 جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ نیب میں ریفرنس دائر ہونے کے بعد کیا سپریم کورٹ میں کارروائی مناسب ہو گی ۔ ہم نے فائنڈنگ دی تو اس کا اثر ریفرنس پر پڑے گا ۔  

 سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا بین الاقوامی کمپنیاں گالف کلب کی زمین لیز پر لینا چاہتی ہیں ۔

 شیخ رشید کا کہنا تھا فیصلے سے ریلوے کا خسارہ کم ہو گا ۔ عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ۔