Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ میں ریلوے ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس ، سیکرٹری ریلوے کل طلب

سپریم کورٹ میں ریلوے ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس ، سیکرٹری ریلوے کل طلب
June 11, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے ریلوے ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس میں سیکرٹری ریلوے کو کل طلب کرلیا ، چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے کہ کچھ پتہ نہیں چل رہا یہ تقرریاں کون کررہا، کل پهر ریلوے کے ڈبے پٹری سے اتر گئے، شکر ہے کسی کی جان نہیں گئی لیکن کروڑوں کا نقصان تو ہو گیا، سمجھ نہیں آ رہی ریلوے کا کیا بنے گا۔

سپریم کورٹ میں ریلوے ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، عدالتی استفسار پر وکیل ملازمین نے بتایا کہ یہ ملازمین بیس بیس سال سے ریلوے میں کام کر رہے ہیں ۔ ان لوگوں کی تقرری کیلئے اشتہار نہیں دیا گیا تھا ، لیکن یہ ملازمین ڈیلی ویجز کی طرح تهے اور ریگولر پوسٹ پر تعینات تھے ۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے ملازمین کی دستاویزات بارے استفسار کیا تو وکیل نے بتایا کہ انکی دستاویزات ریلوے کے پاس جمع ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ملازمین  کو کس پراجیکٹ کیلئے بھرتی کیا گیا کچھ سمجھ نہیں آرہا ، اسی لیے ریلوے کا یہ حال ہو گیا ہے ، ہر چیز کا کوئی طریقہ کار ہوتا ہے  اور ریلوے میں کوئی طریقہ کار ہی نہیں۔

وکیل ریلوے نے بتایا کہ ملازمین ریلوے ٹریک پر گیٹ کیپر ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ کیا کہہ رہے ہیں آپ اتنی اہم جگہ پر عارضی لوگوں کو تعینات کردیا، آئے روز ریلوے میں حادثات ہو رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ریلوے آفسران بڑی بڑی  تنخواہیں لے کر بیٹھے ہیں اور اہم پوسٹوں پر عارضی تقرریاں ہورہی ہیں ایک وقت تھا کہ اس کام کیلئے بڑے تجربہ کار لوگوں کو رکھا جاتا تھا ، ریلوے کا حال بالکل ہی پھٹیچر ہے، وکیل صاحب کو کچھ معلوم ہے نہ ہی ریلوے حکام کوعدالت نے سیکرٹری ریلوے کو طلب کرتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔