Tuesday, April 16, 2024

سپریم کورٹ میں جہانگیرترین کی نظرثانی درخواست مسترد، نااہلی برقرار

سپریم کورٹ میں جہانگیرترین کی نظرثانی درخواست مسترد، نااہلی برقرار
September 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے جہانگیرترین کی نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی۔ رہنما پی ٹی آئی کی نااہلی برقرار رہی۔ جہانگیرترین کے وکیل نے ٹرسٹ ڈیڈ پیش کی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے دستاویزات نظرثانی میں دائر نہیں کیے جا سکتے۔ جہانگیر ترین سے کہا گیا دستاویزات لائیں لیکن نہیں لائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آپ نے سنا ہے کہ لڑائی کے بعد یاد آنے والا تھپڑ کہاں مارنا چاہیے۔ لندن گھر آپ کا تھا تو ٹرسٹ کے پاس ریکارڈ کیوں تھا۔ جھانسہ دینے کے لئے ڈمی کمپنیاں بنائی جاتی ہیں۔ کیا ٹرسٹ اور آف شور کمپنی کو پیسہ بھی فرشتوں نے دیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ملک کے لیڈر ایسے اپنی جائیداد چھپاتے ہیں۔ ایک آفس ہولڈر نے دھوکا دہی کرکے پیسہ باہر بھجوایا۔ اب لہر یہ ہے کہ لیڈر پیسہ ملک میں لائیں۔ دوران سماعت اونچا بولنے پر چیف جسٹس نے جہانگیر ترین کے وکیل سکندر مہمند کی سرزنش کی اور کہا اپنی آواز نیچے رکھیں اور چیخیں مت جس پر سکندر بشیر مہمند نے معافی مانگ لی۔ عدالت نے لیگی رہنما حنیف عباسی کی نااہلی کے مقدمات میں لارجر بنچ تشکیل دینے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔ چیف جسٹس بولے کسی اخبار کے کہنے پر لارجر بینچ تشکیل نہیں دئیے جا سکتے۔ جسٹس فائز عیسی نے مخصوص کیس میں لارجر بینچ بنانے کا کہا۔