Saturday, April 27, 2024

سپریم کورٹ ، منی لانڈرنگ کیس میں نوازشریف کو فریق بنانے کی درخواست دائر

سپریم کورٹ ، منی لانڈرنگ کیس میں نوازشریف کو فریق بنانے کی درخواست دائر
October 27, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پانامہ اسکینڈل میں وزارت عظمیٰ کے منصب سے ہاتھ دھونے اور سزا پانے کے بعد نواز شریف  ضمانت پر ہیں ، مگر ان کی مشکلات ہیں کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں ۔ سپریم کورٹ میں جعلی بنک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں نوازشریف کو فریق بنانے کی درخواست دائر کردی گئی۔ اسلام آباد کے شہری فضلی قیوم باچا نے سپریم کورٹ میں جعلی بنک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں نوازشریف کو فریق بنانے کی درخواست دائر کر دی ، ان کا کہنا تھا کہ  نوازشریف لائیو سٹاک کے ذریعے منی لانڈرنگ کرتے رہے ، پابندی کے باوجود عرب شاہی خاندانوں کو اربوں روپے کے جانور تحفے میں دیے گئے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کالے دھن سے خریدے گئے جانور عرب ممالک میں فروخت کیے جاتے تھے اور جانوروں کی فروخت کا پیسہ آف شور اکائونٹس میں جمع کرایا گیا ، ٹیکس اور ڈیوٹی فری جانور باہر بھجوا کر خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت تحائف کے نام پر جانوروں کی بیرون ملک منتقلی کو کالعدم قرار دینے کے ساتھ ساتھ جانوروں کے ذریعے لانڈر ہونے والا پیسہ ریکور کرنے کا حکم دے ۔