Saturday, April 27, 2024

سپریم کورٹ، متروکہ وقف املاک کی غیرقانونی فروخت کا نوٹس، ڈی جی ایف آئی اے طلب

سپریم کورٹ، متروکہ وقف املاک کی غیرقانونی فروخت کا نوٹس، ڈی جی ایف آئی اے طلب
November 15, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے متروکہ وقف املاک کی غیرقانونی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی کو کل طلب کرلیا۔ 

سپریم کورٹ میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے متروکہ وقف املاک کی غیر قانونی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو فوری طور پرطلب کیا۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے کہ متروکہ وقف املاک نے اقلیتوں کی تمام جائیدادیں بیچ دیں بورڈ افسران نے اقلیتی پراپرٹیز کو ذاتی ملکیت بنایا ہوا ہے۔ متروکہ املاک کو بیچنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

وکیل متروکہ املاک وقف نے جائیدادیں فروخت کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اسطرح تو املاک بورڈ کو بنانے کا مقصد ہی فوت ہوگیا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ متروکہ املاک وقف بورڈ اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

کرک مندر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے عدالت کو بتایا کہ کرک مندر کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ مندر پر حملہ کرنے والے شر پسندوں سے ریکوریاں کر رہے ہیں،123 میں سے 23 افراد نے 31 لاکھ 77 ہزار کی رقم ادا کردی ہے۔

عدالت نے کرک مندر کے علاقے میں نکاسی آب کے لیے سیوریج سسٹم فراہم کا بھی حکم دیا۔ دوران سماعت پیٹرن ان چیف ہندو کونسل رمیش کمار نے اپنے اوپر حملے کا بتایا تو عدالت نے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔