Wednesday, May 1, 2024

آسیہ کیس میں مدعی نے نظرثانی کی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کردی

آسیہ کیس میں مدعی نے نظرثانی کی اپیل سپریم کورٹ میں دائر کردی
November 1, 2018
لاہور  ( 92 نیوز ) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آسیہ کیس پر نظر ثانی کی اپیل دائر کر دی گئی ۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کر دی گئی، مقدمے کے مدعی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور غلام مصطفیٰ چودھری  کے توسط سے درخواست دائر کی ہے ، درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی گئی۔ نظرِ ثانی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمہ آسیہ بی بی نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا ،  ایف آئی آر تاخیر سے درج کروائی گئی لیکن ایف آئی آر اندراج میں تاخیر کا مطلب ملزمہ کی  بے گناہی نہیں ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فاضل عدالت ملزمہ آسیہ بی بی کی بریت سے متعلق فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔ نظرِ ثانی اپیل میں استدعاکی گئی ہے کہ ملزمہ آسیہ بی بی کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کاحکم دیا جائے تاکہ ملزمہ بیرونِ ملک فرار نہ ہو سکے۔ دوسری طرف وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کاکہنا ہے آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر ہو گئی ہے تاہم نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا  ۔