Saturday, May 11, 2024

سپریم کورٹ ، سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے صدارتی ریفرنس پر نوٹسز جاری

سپریم کورٹ ، سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے صدارتی ریفرنس پر نوٹسز جاری
January 4, 2021

اسلام آباد ( 92 نیوز) سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے صدارتی ریفرنس پر اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں، چیئرمین سینیٹ، الیکشن کمیشن اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کردئیے گئے۔

سینیٹ الیکشن کس طرح شفاف ہوں گے، اوپن بیلٹ کیلئے صدارتی ریفرنس چیف جسٹس کی سربراہی میں5رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے دلائل دیے کہ عام انتخابات آئین نہیں، الیکشن ایکٹ2017کے تحت ہوئے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے الیکشن ایکٹ بھی آئین کے تحت ہی بنا ہوگا ، کیا کوئی قانون آئین سے بالاتر ہو سکتا ہے؟ ، آئین میں سینیٹ اور اسمبلی انتخابات کا ذکر ہے، مقامی حکومتوں کے انتخابات کا ذکر نہیں، سینیٹ انتخابات کا ذکر الیکشن ایکٹ میں ہوگا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے مزید کہا اوپن بیلٹ کیلئے سیاسی اتفاق رائے کیوں پیدا نہیں کرتے؟ ، اٹارنی جنرل نے کہا یہ سیاسی معاملہ نہیں، عدالت سے آئینی اور قانونی رائے مانگی گئی۔
جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیے چارٹر آف ڈیموکریسی میں اسی نکتے پر اتفاق ہوا تھا، عدالت نے اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں، چیئرمین سینیٹ، الیکشن کمیشن اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری  کر دیے ۔

چیف جسٹس نے فریقین سے تحریری سفارشات طلب کرلیں اور قرار دیا کوئی جماعت موقف پیش کرنا چاہتی ہے تو تحریری طور پر بتادے، عدالت نے ریفرنس سے متعلق اخبارات میں عوامی نوٹس شائع کرنے کا حکم بھی دیا۔

کیس کی دوبارہ سماعت11جنوری کو ہوگی۔