Saturday, May 18, 2024

سپریم کورٹ رجسٹری میں واٹر کمیشن کیس کی سماعت

سپریم کورٹ رجسٹری میں واٹر کمیشن کیس کی سماعت
December 6, 2017

کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں واٹر کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیئر مین پی ایس پی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت میں چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو بلانے کا مقصد طلبی نہیں بلکہ ملکر مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی فضلہ ہم دانستہ طور پر پینے کے پانی میں شامل کر رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا آپ تیار ہیں ہم دونوں وہ پانی پیتے ہیں جوعوام پی رہےہیں۔
عدالت میں آلودہ پانی سےمتعلق ویڈیو بھی دیکھائی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے چیئرمین ہمارے بچوں کی طرح ہیں، خواہش تھی وہ بھی یہ صور تحال دیکھیں۔
اس پر وزیرا علی سندھ نے کہا کہ ویڈیو درخواست گزار نے بنائی ہے صور تحال اتنی سنگین نہیں جس پر عدالت نے کہا کہ ویڈیو چھوڑ دیں، واٹر کمیشن کی رپورٹ ہی دیکھ لیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سنگینی کا جائزہ لیں اور مسائل کا حل تلاش کریں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنے کندھے آپ کو دینے کے لئے تیار ہے لیکن شاہ صاحب آپ کو کام مکمل کرنے کی گارنٹی دینی ہو گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ اس قوم کے منتخب لیڈر ہیں۔ آپ کی کچھ ذمہ داریاں بھی ہیں۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ مل کر کام کریں گے اور انشاء اللہ چھ ماہ میں یہ مسئلہ حل ہو جائے گا جس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ چھ ماہ میں یہ کام مکمل نہیں ہو سکتا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ مہلت مانگیں گے تو وقت بڑھا دیں گے۔ یہ بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔
چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ ہم اپنی اگلی نسل کے لیے کیا چھوڑ کر جا رہے ہیں؟۔
وزیر اعلی نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ جلد ہی کام نظر آئے گا۔ جس پر
چیف جسٹس نے کہا کہ شاہ صاحب لوگ آپ کو بہت امیدوں کے ساتھ منتخب کرتے ہیں۔ اچھا کام کریں گے تو لوگ بار بار منتخب کریں گے۔