Saturday, April 27, 2024

سپریم کورٹ رجسٹری لاہور،گریٹرلاہور سوسائٹی کیس میں ریکارڈ اگلے ہفتے طلب

سپریم کورٹ رجسٹری لاہور،گریٹرلاہور سوسائٹی کیس میں  ریکارڈ اگلے ہفتے طلب
November 11, 2018
لاہور ( 92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے گریٹر لاہور سوسائٹی کیس میں اگلے ہفتے سوسائٹی کا ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ لاہور میں واقع یونائیٹڈ کرسچن اسپتال کی بحالی کا بھی حکم دے دیا، چیف سیکرٹری پنجاب سے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ بھی طلب کر لی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کی ۔  چیف جسٹس آف پاکستان نے یونائٹیڈ کرسچن اسپتال کی بحالی کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب  سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ ایک اچھا  اسپتال اداروں کی لاپرواہی کی وجہ سے کھنڈر کا منظر پیش کررہا ہے ، ایک ہفتے میں اسپتال کی بحالی  کا منصوبہ عدالت میں پیش کیاجائے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے  گریٹر لاہور سوسائٹی سے متعلق کیس کی سماعت بھی کی ۔سابق نگران  صوبائی وزیر قانون ضیاء حیدر رضوی  نے عدالت میں پیش ہوکر  اپنے خلاف نیب مقدمات ختم کرنے کی درخواست کی  ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ  نیب کا کیس  ختم نہیں کرواسکتا تاہم نیب کو ایک ہفتے میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کرسکتا ہوں۔  ڈی جی نیب کو پہلے بھی کہا کہ وہ لوگوں کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آئیں۔چیف جسٹس نے اگلی سماعت پر سوسائٹی کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ ڈیم فنڈ میں 8 پلاٹس دینے والے  مبینہ فاطرالعقل شخص  شیخ شاہد کی اہلیہ کی درخواست پر  چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ   آپ کی پراپرٹی ہم نہیں لیں گے ۔ڈیم فنڈ میں دینے والے اور بھی بہت ہیں۔