Monday, September 16, 2024

سپریم کورٹ ، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کا معاملہ ، نادرا سے رپورٹ طلب

سپریم کورٹ ، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کا معاملہ ، نادرا سے رپورٹ طلب
January 29, 2018

اسلام آباد ( 92 نیو ز) سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر  سپریم کورٹ نے نادرا سے سافٹ وئیر کی تیاری پر ایک ماہ میں پیشرفت رپورٹ مانگ لی ۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ اپریل کے اوائل تک سافٹ ویئر تیارکرلیں گے۔

سپریم کورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔ دوران سماعت جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ تارکین وطن کے دلوں میں پاکستان کا دل دھڑکتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے پاکستانی بھی ہیں جو عدالت سے وعدہ کر کے واپس نہیں آئے۔ حسین حقانی کدھر ہے۔ کیا حسین حقانی کو بھی ووٹ ڈالنے کی سہولت ملے گی۔ کیوں نا حسین حقانی کو نوٹس کر کے بلا لیں ۔

چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس سے میمو گیٹ کیس کی فائل طلب کر لی۔

چیرمین نادرا نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ معاملہ زیر غور لایا ہے ۔ اپریل کے اوائل میں سافٹ وئیر تیار کر لیں گے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر نادرہ اور الیکشن کمیشن کو مشکل درپیش آئی تو عدالت مسلے کے حل کیلیے تعاون کریگی ۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ تعلیم، لیڈرشپ اور قانون کی حکمرانی قوم کی تقدیر بدل دیتی ہے۔ حضرت عمر فاروق  اسلامی ریاست کو کہاں سے کہاں لے گئے تھے۔

عدالت نے کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی ۔