Thursday, March 28, 2024

سپریم کورٹ کی عمارت میں چوہوں نے آگ لگادی ،عمارت کے دائیں بلاک کی منزل جل کرخاکستر

سپریم کورٹ کی عمارت میں چوہوں نے آگ لگادی ،عمارت کے دائیں بلاک کی منزل جل کرخاکستر
May 10, 2016
اسلام آباد(92نیوز)سپریم کورٹ بار میں چوہوں نے آگ لگا دی ، عمارت میں دائیں بلاک کی پہلی منزل جل کر خاکستر ہوگئی، سیکورٹی حکام نے ذمہ داری عمارت کی سیلنگ میں موجود چوہوں پر ڈال دی ، سی سی ٹی وی کیمرے بھی موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ تفصیلات کےمطابق اتوار اور پیر کی  شب ، سپریم کورٹ کی عمارت میں موجود سپریم کورٹ بار کے کمرے میں لگی آگ ایسی پھیلی کے پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آگ سے سپریم کورٹ بار کے تین دفاتر جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ وکلاٗ لائبریری ، صدر سپریم کورٹ بار کا دفتر اور پریس روم کو جزوی نقصان پہنچا۔ سیکورٹی حکام کا دعویٰ ہے کہ آتشزدگی عمارت کی سیلنگ میں دندناتے چوہوں کے تار کترنے کی باعث ہوئی۔ عمارت میں موجود چوہوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے پی ڈبلیو ڈی نے بڑی تعداد میں چوہے پکڑنے والے جال منگوا رکھے ہیں ، جلد ہی عمارت میں چوہا مار مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔ عمارت میں جابجا لگے سیکورٹی کیمروں کا پول بھی کھل گیا، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ بار کے دفاتر اور لائبریری اور اس کی راہداریوں پر کوئی سی سی ٹی وی کیمرا نصب نہیں ، جو فائر الارم ہیں وہ بھی سالوں سے چپ ہیں۔