Thursday, April 18, 2024

سپریم  کورٹ بار الیکشن  : عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار سید علی ظفر صدر منتخب

سپریم  کورٹ بار الیکشن  : عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار سید علی ظفر صدر منتخب
October 29, 2015
لاہور(92نیوز)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں حامد خان اور عاصمہ جہانگیرگروپ کے درمیان سخت مقابلہ ہوا عاصمہ جہانگیر گروپ کے نامزد امیدوار سید علی ظفر صدر جبکہ حامد خان گروپ کے اسد منظور بٹ سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ کے نامزد امیدوار سید علی ظفر صدر منتخب ہو گئے جبکہ سیکرٹری کے عہدے پر حامد خان گروپ کے اسدمنظور بٹ جیت گئے، سپریم کورٹ بار کے غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق سید علی ظفر اپنے مدمقابل سیدکلیم خورشید سے دوسو سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہو گئے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار سید علی ظفر نے 1232 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سید کلیم خورشید کو 931ووٹ ملے۔ سیکرٹری کے عہدے پر حامد خان اور عاصمہ جہانگیر کے روایتی گروپوں میں کانٹے کامقابلہ ہوا جس میں حامد خان کے نامزد کردہ امیدوار اسد منظور بٹ نے تیس ووٹوں سے اپنے مدمقابل آفتاب باجوہ پر برتری حاصل کی۔ غیرحتمی نتائج کے مطابق سید علی ظفر کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی عاصمہ جہانگیر گروپ کے وکلاءنے جشن منانا شروع کر دیا۔ اس موقع پر عاصمہ جہانگیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاءنے ایک مرتبہ پھر ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،حامدخان اور عاصمہ جہانگیر گروپوں کے درمیان سخت مقابلے کے بعد سیکرٹری کامیاب ہونے والے اسد منظور بٹ کو ان کے حامی وکلاءنے گھیر لیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر اسد منظور بٹ نے اعلان کیا کہ وہ قانون کی حکمرانی اور وکلاءکی فلاح کے لیے کام کریں گے۔ سپریم کورٹ بار کے دوسرے عہدوں پر گنتی کا عمل جاری ہے اور حتمی نتائج کا اعلان اسلام آباد میں کیا جائے گا۔