Sunday, September 8, 2024

سپر کمپیوٹر نے دنیا کی مشکل ترین گیم کے دوسرے مرحلے میں بھی انسان کو ہرا دیا

سپر کمپیوٹر نے دنیا کی مشکل ترین گیم کے دوسرے مرحلے میں بھی انسان کو ہرا دیا
March 10, 2016
سیول (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں انسان اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے درمیان تاریخی جنگ جاری ہے اور گو نامی عالمی چیمپیئن شپ میں کمپیوٹر نے دوسرے مرحلے میں بھی انسانی ذہانت کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں منعقد کرائے جانے والے اس مقابلے میں گو کھیل کے عالمی چیمپیئن لی سی ڈول اور گوگل کے ڈیپ مائنڈ الفا گو پروگرام کے پانچ مرحلوں پر مشتمل مقابلوں کا یہ دوسرا مقابلہ تھا۔ مقابلے کے بعد عالمی چیمپیئن لی سی ڈول کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میں حیران ہوا تھا لیکن آج اس سے کچھ بڑھ کر ہے‘ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ آج مجھے محسوس ہوا کہ الفاگو نے بہترین کھیل کھیلا۔ اگر آپ دیکھیں کہ کھیل کیسے کھیلا گیا تو میں تسلیم کرتا ہوں کہ مجھے واضح شکست ہوئی ہے۔ کھیل کے بیشتر حصے میں لی سی ڈول کو کمپیوٹر پر سبقت حاصل رہی تاہم آخری 20 منٹ میں الفاگو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کر لی۔ اس سے قبل 1997ءمیں ڈیپ بلو نامی ایک کمپیوٹر پروگرام نے شطرنج کے عالمی چیمپیئن گیری کاسپاروف کو ہرا دیا تھا لیکن چینی گیم گو شطرنج سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ گو تین ہزار سال پرانا چینی کھیل ہے جسے شطرنج سے زیادہ پیچیدہ کہا جاتا ہے۔