Thursday, April 25, 2024

سپر ماڈل ایک شو کا 5لاکھ ڈالر معاوضہ لیتی ہیں: وکیل ایان، ضمانت منظور ہوئی تو خزانے کو 1ارب کا نقصان ہو گا: کسٹمز پراسیکیوٹر ، عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا

سپر ماڈل ایک شو کا 5لاکھ ڈالر معاوضہ لیتی ہیں: وکیل ایان، ضمانت منظور ہوئی تو خزانے کو 1ارب کا نقصان ہو گا: کسٹمز پراسیکیوٹر ، عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا
June 3, 2015
راولپنڈی (92نیوز) کرنسی سمگلنگ کیس میں آج جب ایان علی کی درخواست ضمانت پر سما عت شروع ہوئی تو ایڈووکیٹ سردار لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ایان علی سپرماڈل ہیں، ایک شو کا پانچ لاکھ ڈالر معاوضہ لیتی ہیں۔ ایان رقم چھپا کر نہیں لے جارہی تھیں۔ ان کی بات سنے بغیر شروع مچا کر گرفتار کر لیا گیا۔ ایان اور اس کے بھائی ذوالفقار نے اپنے مشترکہ پلاٹ اویس نامی شخص کو فروخت کئے۔ یہ رقم ناجائز نہیں تھی۔ ایان کو علم نہیں تھا کہ کتنی رقم لے کر جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ایان کی تذلیل کی گئی جبکہ ہمسایہ ملک انہیں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ راحت فتح علی خان کو بھی بھارت میں ائیرپورٹ پر پکڑا گیا مگر کرنسی سمگلنگ کے الزام کے باوجود انہیں جانے دیا گیا۔ ایان جب عدالت آتی ہیں تو تماشا بنا دیا جاتا ہے۔ کسٹمز پراسیکیوٹر امین فیروز نے ایان علی کی درخواست پر جوابی دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ موقع پر ایان علی سے پانچ لاکھ ڈالر برآمد کئے گئے۔ بعد میں دوران تفتیش ماڈل نے اعتراف کیا کہ وہ رقم بیرون ملک لے کر جارہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کرنسی سمگلنگ ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید دلائل دیئے کہ اگر ایان علی کی ضمانت منظور ہوئی تو خزانے کو ایک ارب کا نقصان ہو گا۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔