Thursday, May 2, 2024

سپاٹ فکسنگ،شاہ زیب حسن معطل چارج شیٹ تھمادی گئی

سپاٹ فکسنگ،شاہ زیب حسن معطل چارج شیٹ تھمادی گئی
March 17, 2017
لاہور(92نیوز)پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ کیس میں مبینہ طور پر ملوث چوتھے کھلاڑی شاہ زیب حسن کو بھی چارج شیٹ کر دیا گیا ان پر تین چارجز لگائے گئے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں سامنے آنے والے سپاٹ فکسنگ کیس میں تین کھلاڑیوں خالد لطیف،شرجیل خان اور محمد عرفان  کے بعد اب چوتھے کھلاڑی شاہ زیب حسن کو بھی چارج شیٹ کر دیا گیاہے۔ انٹی کرپشن یونٹ نے دوروزہ سماعت کے بعد ان پہ تین چارجز لگائے  جن میں آرٹیکل 2.1.4، 2.4.4 اور آرٹیکل 2.4.5شامل ہیں ان پر عبوری طور پر کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان آرٹیکلز کےتحت کسی کھلاڑی کو بالواسطہ یا بلا واسطہ کرپشن کی طرف راغب کرنا یا سہولت کار بننا کسی کھلاڑی کو بکی کی جانب سے رابطہ کئے جانے بارے کسی تاخیر کے بغیر مطلع کرنا یا کسی ساتھی کھلاڑی کے کرپشن میں ملوث ہونے بارے علم ہونے کے باوجود پی سی بی اینٹی کرپشن اینڈ ویجیلنس یونٹ کو مطلع نہ کرنے کے الزامات لگا ئے گئے ہیں پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کے مطابق پہلے جرم کی سزا کم سے کم 5 سال اور زیادہ سے زیادہ تاحیات پابندی ہے ، دیگر دونوں الزامات کی کم  سے کم سزا چھ ماہ اور زیادہ سے زیادہ تاحیات پابندی لگ سکتی ہے۔ شاہ زیب حسن کو چارج شیٹ کا جواب دینے کے لئے  14 روز کی مہلت دی گئی ہے۔ الزامات سے انکار کی صورت میں انکا معاملہ بھی پی سی بی ٹربیونل کو بھیج دیا جائے گا۔