Monday, September 16, 2024

سپاٹ فکسنگ کیس: شرجیل خان پر پانچ سال کی پابندی عائد

سپاٹ فکسنگ کیس: شرجیل خان پر پانچ سال کی پابندی عائد
August 30, 2017

لاہور (92 نیوز) سپاٹ فکسنگ کیس کا پہلا فیصلہ سامنے آگیا،،،شرجیل خان پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔ اوپنر پر لگائے گئے تمام الزامات درست ثابت ہوئے پابندی کا اطلاق دس فروری سے ہوگا۔

دو ڈاٹ بالز نے شرجیل پر کرکٹ کے دروازے بند کر دیے۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان کو سزا سنا دی گئی۔ ٹربیونل نے اوپنر پر پانچ سال کی پابندی لگا دی۔

ٹربیونل نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے ڈھائی سال کی معطل سزا سمیت پانچ سال کی پابندی کی سزا سنائی پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی نےمیڈیا سے گفتگو میں اسے بورڈ کی کامیابی قراردیتے ہوئے کہا کہ ٹربیونل نے شرجیل خان پر لگائے گئے تمام الزامات ثابت کیے۔

تفضل رضوی کا کہنا تھاکہ شرجیل خان بحالی پروگرام پر مکمل عمل کر کے ہی ڈھائی سال بعد کھیل میں واپس آسکیں گے۔

دوسری طرف شرجیل خان کے وکیل نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شرجیل خان کو پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ کے بعد اسپاٹ فکسنگ الزامات سامنے آنے کے بعد معطل کر کے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔ ان پر  پی ایس ایل ٹو کے دوران اسپاٹ فکسنگ سمیت پانچ الزامات لگائے تھے۔ جن میں مشکوک افراد سے ملاقات، آفر کو قبول کرنا، پی سی بی سے عدم تعاون اور اینٹی کرپشن یونٹ کو مطلع نہ کرنے کے الزامات تھے۔

شرجیل خان پر لگائی گئی پابندی کا اطلاق دس فروری دوہزار سترہ سے ہوگا۔