Friday, March 29, 2024

سٹیٹ بینک کا ترسیلات کی رپورٹ میں نمایاں کمی پر اظہار تشویش

سٹیٹ بینک کا ترسیلات کی رپورٹ میں نمایاں کمی پر اظہار تشویش
November 23, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی جولائی تا اکتوبر کی رپورٹ میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے آنیوالی ترسیلات میں نمایاں کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رواں سال جولائی سے اکتوبر کے دوران سعودی عرب سے ترسیلات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 5.84 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سعودی عرب سے اس سال 1 ارب 80 کروڑ ڈالر ترسیل ہوئے جبکہ گزشتہ سال 1 ارب 90 کروڑ 50 لاکھ بینکوں کے ذریعے ارسال کیئے گئے تھے۔
دوسری طرف امارات سے 3.26 فیصد کمی جبکہ قطر سے ترسیلات میں صرف 0.35 فیصد اضافہ ہوا۔
گزشتہ سال امارات سے ایک ارب انچاس کروڑ ڈالر ارسال ہوئے جبکہ رواں سال 1 ارب 43 کروڑ 30 لاکھ آئے۔
حالیہ بحرانوں کے شکار قطر سے گزشتہ سال 1 ارب 90 کروڑ ڈالر آئے جبکہ رواں سال 1 ارب 91 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔
حکومت ابھی تک ترسیلات زر میں حوصلہ شکن کمی کی وجوہات اور اس سے پیدا ہونیوالے مالیاتی بحران سے نمٹنے کے اقدامات سامنے نہ لا سکی۔ تارکین وطن کی حوصلہ شکنی کرنیوالے نئے قواعد کے باعث ترسیلات میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔
اقتصادی ماہرین نے کہا کہ حکومت نے صور تحال کو سنبھالا دینے کی کوئی کارگر پالیسی جلد نہ بنائی تو ترسیلات زر میں مزید کمی کا اندیشہ ہے۔