Tuesday, April 16, 2024

سٹینسلاس واورینکا نے عالمی نمبر 1 نوواک جاکووچ کو اپ سیٹ شکست دیکر پہلا فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا

سٹینسلاس واورینکا نے عالمی نمبر 1 نوواک جاکووچ کو اپ سیٹ شکست دیکر پہلا فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا
June 7, 2015
پیرس(سپورٹس ڈیسک)سٹینسلاس واورنکا نے عالمی نمبر ایک نوواک جاکووچ کو اپ سیٹ شکست دے کر پہلا فرنچ اوپن ٹائٹل جیت لیا۔ دو ہزار چودہ کے آسٹریلین اوپن کے بعد عالمی نمبر نو کے کیرئیر کا یہ دوسرا گرینڈ سلام ٹائٹل ہے۔ تفصیلات کے مطابق کلے کورٹ گرینڈ سلام کا سب سے دلچسپ مقابلہ سربیا کے نوواک جاکووچ اور سوئٹزرلینڈ کے عالمی نمبر نو سٹینسلاس واورنکا کے درمیان کھیلا گیا۔ رولینڈ گیرس سٹیڈیم پیرس کے فلپ چیٹرئیر کورٹ میں مینز سنگلز فائنل کو دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان انتہائی سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا اور واورنکا نے عالمی نمبر ایک حریف کا جم کر مقابلہ کیا۔ ابتدا سے ہی واورنکا کھیل پر حاوی رہے تاہم جوکووچ نے پہلا سیٹ چھے چار سے جیت لیا۔ واورنکا نے اگلے تینوں سیٹس بالترتیب  چھے چار، چھے تین اور چھے چار سے جیت کر کیرئیر کے دوسرے گرینڈ سلام کا تاج سر پر سجا لیا۔ سب سے زیادہ سترہ گرینڈ سلام جیتنے والے راجر فیڈرر کے ہم وطن واورنکا کے گرینڈ سلام کیرئیر کا یہ پہلا فرنچ اوپن جبکہ مجموعی طور پر دوسرا ٹائٹل ہے۔ انہوں نے دو ہزار چودہ میں آسٹریلین اوپن جیت کر گرینڈ سلام فتوحات کا آغاز کیا تھا۔