Friday, April 26, 2024

سٹریٹ کرائم پرقابو پانے اور ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے 10 ہزار اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ

سٹریٹ کرائم پرقابو پانے اور ٹارگٹڈ آپریشن کیلئے 10 ہزار اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ
January 20, 2017
کراچی(92نیوز)کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور ڈرگ مافیا کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن اور10 ہزار اہلکاروں پر مشتمل پولیس فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، مارکیٹ اور شاپنگ سینٹرز کے اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی یقینی بنائی جائے گی۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت سٹریٹ کرائم اور ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے ہم اجلاس ہوا ہے جس میں  سی پی ایل سی چیف نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ گزشتہ سال شاہراہ  فیصل پر تئیس، گلشن اقبال اٹھارہ، گلستان جوہر پندرہ، عزیز بھٹی میں تیرہ وارداتیں ہوئیں، پچیس تھانوں کی حدود میں کاریں چھیننے کی وارداتیں سب سے زیادہ ہوئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو اسٹریٹ کرائم اور ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن کی ہدایت کردی جبکہ چوری شدہ اور چھینے جانے والی گاڑیوں اور موبائل فونز کی خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں جرائم پر قابو پانے کیلئے دس ہزار اہلکاروں پر مشتمل پولیس فورس بھی بنائی جائے گی، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ وہ مارکیٹ اور شاپنگ سینٹرز کی انتظامیہ کے ساتھ ملکر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائیں۔