Friday, April 26, 2024

سویڈن ، دنیا بھر میں ایٹمی وار ہیڈز کی تعداد میں کمی ہو گئی

سویڈن ، دنیا بھر میں ایٹمی وار ہیڈز کی تعداد میں کمی ہو گئی
June 18, 2019
سویڈن ( 92 نیوز) ایک طرف عالمی جوہری طاقتیں اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو جدید ترین بنانے میں مصروف ہیں،،تو دوسری طرف دنیا بھر میں ایٹمی وار ہیڈز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے ، ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں پاکستان بھارت سے آگےہے۔ سویڈن کے بین الاقوامی تحقیقی ادارے سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے اپنی نئی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ نیوکلیئر طاقتیں اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو جدید تر بنانے میں لگی ہوئی ہیں جبکہ مجموعی طور پر ایٹمی وار ہیڈز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ سپری کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے نو نیوکلیئر ممالک  امریکہ، روس، فرانس، برطانیہ، چین، پاکستان، بھارت، شمالی کوریا اور اسرائیل کے پاس مجموعی طور پر 13ہزار 865 ایٹمی ہتھیار ہیں۔ پچھلے سال کے مقابلے میں رواں برس وار ہیڈز کی تعداد میں چھ سو  کی کمی آئی ہے،جس کی وجہ امریکہ اور روس کا ایٹمی ہتھیاروں کی کمی کا معاہدہ ہے جس کی وجہ سے دونوں نے اپنے ہتھیاروں میں کمی کی ہے۔ روس کے پاس چھ ہزار پانچ سو جب کہ امریکہ کے پاس  6 ہزار 185 نیوکلیئر وار ہیڈز ہیں۔ پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں اپنے حریف بھارت کو شکست دی ہے اور اس کے پاس ایٹمی وار ہیڈز کی تعداد 150 سے 160 کے درمیان ہے جب کہ بھارت کے ایٹمی وار ہیڈز کی تعداد 130 سے 140 ہے،رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک اپنی استعداد کو مسلسل بڑھا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فرانس کے پاس ایٹمی وار ہیڈز کی تعداد 300 ہے  جبکہ چین 290، برطانیہ 200، شمالی کوریا 20 سے تیس کے درمیان اور اسرائیل کے پاس 80 سے 90 ایٹمی وار ہیڈز ہیں۔