Friday, April 26, 2024

سوہدرہ میں قرنطینہ مرکز قائم، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

سوہدرہ میں قرنطینہ مرکز قائم، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا
April 2, 2020
گوجرانوالہ (92 نیوز) گوجرانوالا کی تحصیل وزیر آباد کے علاقے سوہدرہ میں 500 بستروں پر مشتمل قرنطینہ مرکز قائم کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا اور موجود سہولیات اوردیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسلم ہینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس سوہدرہ میں قائم قرنطینہ مرکزکے دورہ پر کا متاثرہ مریضوں کیلئے قرنطینہ مرکز میں سہولتوں اورانتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے قرنطینہ سینٹر کے کنٹرول روم اور ممکنہ مریضوں کیلئے تیارکردہ کمروں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر پنجاب کے ہر ڈویژن میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے خصوصی فیلڈ اسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ عثمان بزدار کہتے ہیں کہ کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کیے گئے ہیں، مستقبل میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام اورمریضوں کے علاج معالجے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے شفاف ترین نظام ترتیب دیا گیا ہے، مشکل کی گھڑی میں اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب بولے کہ ایکسپو سینٹر لاہور میں انتہائی قلیل مدت میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال بنایاگیا ہے، کورونا وائرس کی وباء پر سیاست چمکانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، یہ وقت قوم کو یکجاکرنے کا ہے، آزمائش کی گھڑی میں عوام کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، عوام کو تنہا چھوڑ کرجانے والے اب صرف بیان بازی تک محدود ہیں۔ عثمان بزدار کو مسلم ہینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس سوہدرہ کے قرنطینہ سینٹر میں سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ایس او پی کے مطابق سوہدرہ کے قرنطینہ سینٹر میں 500 مریضوں کو رکھنے کی گنجائش ہے، ہر کمرے میں ہائی جین کٹس اوردیگر ضروریات کا اہتمام کیا گیا ہے، مریضوں کیلئے آئسولیشن روم اور ڈاکٹروں کیلئے ریسٹ ہاؤس بھی بنائے گئے ہیں،اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید بھی ہمراہ تھے۔