Saturday, April 20, 2024

سول ایوی ایشن نے چار ہوائی اڈوں سے ملکی فضائی حدود بحال کر دیں

سول ایوی ایشن نے چار ہوائی اڈوں سے ملکی فضائی حدود بحال کر دیں
March 1, 2019
 کراچی (92 نیوز) سول ایوی ایشن نے ابتدائی طور پر چار ہوائی اڈوں سے ملکی فضائی حدود بحال کر دیں تاہم لاہور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ ایئر پورٹ چار مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان میں طیارے پھر اڑان بھرنے کے لئے تیار ہو گئے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نیا نوٹم جاری کر دیا گیا۔ نوٹم میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر ملک کے 4 ہوائی اڈوں کراچی ،پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ  سے پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن لاہور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ ایئر پورٹ چار مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ ہوا۔ ابتدائی طور پر کراچی، اسلام آباد ، کوئٹہ اور پشاور سے غیرملکی اور ملکی پروازیں بحال کر دی گئی ہیں۔ فضائی حدود صرف پاکستان آنے اور یہاں سے جانے والی پروازوں کے لیے کھولی گئی ہیں۔ پاکستان سے اوور فلائی کی اجازت نہیں ہیں جبکہ بھارت سے آنے اور بھارت جانے والی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند رہیں گی۔ اے ایس ایف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کھولے گئے چاروں ائیرپورٹس پر مسافروں کو آنے کی اجازت ہیں۔ مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا اور ساتھ یہ  بھی کہا کہ ملک کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ایئراسپیس بند کیا گیا تھا۔