Wednesday, May 8, 2024

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برساتی نالہ بندکرکےپٹرول پمپ کھلوادیا

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برساتی نالہ بندکرکےپٹرول پمپ کھلوادیا
March 21, 2017
کراچی(92نیوز)سول ایوی ایشن اتھارٹی کا  نیا کارنامہ  سامنے آیا ہےبرساتی نالے کو بند کرکے پٹرول پمپ کھلوادیا پٹرول پمپ سندھ پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کی ملکیت ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نیا کارنامہ جناح ٹرمینل کے سامنے برساتی نالے بند کرکے پٹرول پمپ کھلوادیا گیا۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یہ جگہ  سندھ پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کو فراہم کی جس نے پٹرول پمپ تیار کرکے ٹھیکے پر دے دیا، بے خوفی کی انتہا تو دیکھیں کہ غیر قانونی پٹرول پمپ  جناح ٹرمینل  پر رن وے کے بالکل سامنے تیار کیا گیا ۔ یہی نہیں بلکہ پٹرول پمپ سے ملحقہ برساتی نالے کی مزید جگہ بھی مٹی ڈال کر ہموار کی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ برساتی نالے کی صفائی اور مرمت کے نام پر کاغذات میں تو سالانہ لاکھوں روپے کا فنڈ خرچ کیا جاتا ہےمگر اصل میں تو نالہ ہی غائب کیا جارہا ہے۔ برساتی نالے میں ایئر پورٹ کے رن ویز ، ملیر کینٹ ، سپرہائی وے اور اطراف سے برساتی پانی ریلے کی شکل میں آتا ہے حالیہ بارشوں کے دوران  نالہ بند ہونے کی وجہ برساتی پانی ایئر پورٹ قبرستان میں داخل ہوگیا تھا ۔ جس سے سیکڑوں قبریں دھنس گئی تھیں قبرستان میں بربادی کے آثار اب بھی نمایاں ہیں ۔ برساتی نالہ بند کرنے اور پٹرول پمپ کھولنے سے متعلق مؤقف کیلئے ترجمان سول ایوی ایشن  پرویز جارج سے رابطہ کیا گیا تاہم حسب روایت  انہوں نے بات کرنے سے انکار کردیا ۔