Friday, May 10, 2024

سول ایوارڈز کیلئے نامزدگی، پنجاب حکومت کا اجلاس پرسوں طلب

سول ایوارڈز کیلئے نامزدگی، پنجاب حکومت کا اجلاس پرسوں طلب
June 29, 2019
لاہور(ویب ڈیسک )سول ایوارڈز کے لئے صوبائی نامزدگیوں کے معاملہ پر حکومت پنجاب نے یکم جولائی کو اجلاس طلب کر لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لئے 8انتظامی سیکرٹریز، مختلف شعبوں سے وابستہ 7شخصیات کے علاوہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایک ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیکشن آفیسرکیبنٹ ون، (آئی اینڈ سی )سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق سیکرٹری آئی اینڈ سی، سیکرٹری (تعلیمات) ہائر ایجوکیشن )،سیکرٹری اطلاعات و کلچر، یوتھ افئیرز، سپورٹس، آرکیالوجی اینڈ ٹوور ازم،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،سیکرٹری ہیومن رائٹس اینڈ مینارٹیز افئیرز، کے علاوہ سابق چیف سیکرٹری کامران رسول، سابق چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سلمان غنی، نازش عطاء اﷲ، سہیل وڑائچ، سمیع اﷲ خان، امجد اسلام امجد، عبد المجید چوہدری کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نارووال کو یکم جولائی2019 کی دوپہر بارہ بجے سول سیکرٹریٹ میں ایس اینڈ جی اے ڈی کے کمیٹی روم شریک ہونے کی دعوت دی گئی ہے ۔ واضح رہے 1958 میں پاکستان سول ایوارڈکے نام سے چھ اقسام میں اعزاز ات دینے کا فیصلہ کیا گیا، ان میں ’’اعزازبرائے پاکستان، برائے شجاعت، برائے امتیاز، برائے قائد اعظم، برائے خدمت ، اور صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی‘‘ شامل ہیں، ہر اعزاز کے مزید چار درجے متعین کیے گئے جو بالترتیب نشان امتیاز، ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز ہیں، صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی، آرٹ، ادب، سائنس، کھیل اور نرسنگ کے شعبوں میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے ۔ سول ایوارڈز کیلئے ناموں کی نامزدگی کا اعلان ہر سال 14 اگست کو ہوتا ہے تاہم ایوارڈ اگلے 23 مارچ کو دیا جاتا ہے ۔