Saturday, May 18, 2024

سول اسپتال فیصل آباد نیورولوجی وارڈ کی سہولت سے محروم

سول اسپتال فیصل آباد نیورولوجی وارڈ کی سہولت سے محروم
January 2, 2021

فیصل آباد (92 نیوز)فیصل آباد کا دوسرا بڑا سرکاری اسپتال کئی سال بعد بھی نیورلوجی وارڈ سے محروم ہے، سر کی چوٹ پر ڈی ایچ کیو میں لائے جانے والے مریضوں کو الائیڈ اسپتال منتقل کرنا معمول بن چکا ہے۔

سول اسپتال فیصل آباد  میں سہولیات کا فقدان ہے ، محکمہ صحت کے حکام کی عدم توجہی کے باعث اسپتال بننے کے سالوں بعد بھی نیورولوجی کا شعبہ نہ بن سکا، کسی بھی حادثے کے فوری بعد سر میں لگی چوٹ اور درد سے چور مریضوں کو سول اسپتال لایا جاتا ہےلیکن نیورو وارڈ نہ ہونے پر مریضوں کو الائیڈ اسپتال منتقل کرنا پڑتا ہے۔ اس کٹھن مرحلے کا درد وہی جانے جو اس سے گزرا ہو۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سال 2020 کے دوران 32 ہزار 508مریض مختلف حادثات کا شکار ہوئے جن میں 2ہزار 951افراد کو سر میں چوٹ لگی ۔حادثات کا شکار 299مریض جاں بحق ہوگئے جن میں سے بیشتر ہیڈ انجری والے افراد شامل تھے۔ ایم ایس سول اسپتال کہتے ہیں ڈیپارٹمنٹ بنانے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔

اسپتال میں سر کی چوٹ کے بعد لائے گئے مریضوں کے علاوہ دماغی امراض میں مبتلا افراد کے لیے بھی علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں ۔ سول اسپتال میں نیورولوجی وارڈ بننے سے ناصر ف الائیڈ ہسپتال کا بوجھ کم ہوگا بلکہ کئی قیمتیں جانیں بھی بجائی جا سکیں گی ۔